اقصی محبوب
مرکز الحریم شعبہء صحافت

ومن اظلم ممن منع مسٰجداللہ ان یذکر فیھااسمہ وسعی فی خرابھا
آیت نمبر 114(سورۃ البقرة)
ترجمہ:اور اس سے بڑا ظالم کون ہوسکتا جو اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام لینے سے منع کرے اور ان کو اجاڑنے کی کوشش کرے،
میں کچھ بھی لکھنے سے پہلے اوپر بیان کردہ آیت مبارکہ پر توجہ دلانا چاہوں گی ، مسجد کے بارے میں فیصلہ اس آیت مبارکہ کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں ۔
مجھے یہ عمل یہودیت اور عیسائیت کی تقلید ہی نظر آتا ہے وہ پہلے اپنی عبادت گاہ بناتے ہیں پھر جب ان کا دل کرتا ہے اس کو کسی اور کام کے لیے استعمال کر لیتے ہیں ۔ لیکن ایک صاحب عقل مسلمان کا یہ شیوہ نہیں کہ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کرے اور وہ بھی تب جب اسے علم ہو لیکن اگر وہ اس ختم ہو جانے والی زندگی کے ادنی سے فائدہ کے لیے آخروی ہمیشہ کی زندگی میں جہنم خرید رہا ہے تو اس سے زیادہ بے وقوف کوئی نہیں ہوگا۔ اللہ تبارک وتعالی کا فرمان ہے”فی بيوت اذن الله ان ترفع و يذكر فيها اسمه يسبح له فيها بالغدو والاٰصال
آیت نمبر 36(سورة النور )
ترجمہ: اللہ نے حکم دیا ان گھروں (مسجدوں) کو بلند کرنے کا اور وہاں اس کا نام پڑھنے کا،(اہل ہدایت) وہاں صبح و شام اس کی پاکی بیان کرتے ہیں۔
اب اس آیت مبارکہ پر بھی غور کریں جن مسجدوں کو بلند اور آ باد کرنے کا حکم اللّٰہ رب العالمین دے رہے ہیں اس کو ڈھانے کا حکم، ہم مسلمان تبھی ہوتے ہیں جب اپنا آپ اللہ کے سپرد کرتے ہیں کہ اس کے حکم کے پابند ہوجاتے ہیں پھر اگر مسلمان اللہ کی نہیں اپنی چلاتا ہے تو کیا وہ مسلمان ہے ؟
میرا انتظامیہ اور ہر اس انسان سے سوال ہے جس نے اس پراجیکٹ ( مسجد کی جگہ پارک بنانے) کا نظریہ پیش کیا،اس پر عمل کا حکم دیا یا پھر اس کی حمایت میں ہیں ۔ ایک مسلمان کے لیے اللہ تبارک وتعالیٰ کے حکم اور اس کی رضا سے زیادہ اہم کوئی بھی چیز کیسے ہو سکتی ہے؟ اس پراجیکٹ کے ایسے کیا فوائد ہیں جن کی بدولت جنت جو کہ ہمیشہ سکون کی جگہ ہے اس کو ٹھکرا کر اللہ کے غضب اور جہنم کا انتخاب کرنے کے لیے آپ تیار ہو گئے ہیں؟
دوسری بات, اگر ان کو لگتا بھی ہے کہ اس میں نمازی کم ہی ہوتے ہیں (جو کہ صرف انہیں لگتا ہے ) پھر بھی انہیں کوئی حق نہیں کہ مسجد کو شہید کریں جبکہ اہل محلہ پارک کی بجائےمسجد کا قیام چاہتے ہیں۔
اسلام قیامت تک کے لیے ہے اور قیامت تک ہی اللّٰہ کے بندے اس کی عبادت کرتے رہیں گے اور مسجدیں آباد رہیں گی یہ کوئی عام عمارت نہیں ہے جو کچھ عرصہ بعد کار آمد نہیں رہی۔